سر اور داڑھی کے سفید بالوں کو کالا کرنا
سوال
السلام علیکم ورحمة الله وبركاته
محترم مفتي صاحب
سر اور داڑھی کے سفید بالوں کو کالا کرنا کیسا ہے؟ صاحبِ علم لوگوں کو بھی ایسا کرتے دیکھا ہے ۔روشنی فرمائیں
وعلیکم السلام ورحمة الله وبركاته
بسم الله الرحمن الرحيم.......... الجواب حامداً ومصلياً
داڑھی یا سرکے بالوں میں خضاب لگانے (اس میں ہیئرکلربھی شامل ہے بشرطیکہ اس میں کوئی شرعاً ممنوع چیز نہ ملائی گئی ہو اور دھونے کے بعد تہہ بھی نہ جمتی ہو) کے بارےمیں تفصیل یہ ہے کہ
خالص سیاہ رنگ کے علاوہ دوسرے رنگوں کا خضاب لگانا جائز اورمستحب ہے۔
سرخ خضاب جس میں کتم (ایک بوٹی جس سے مہندی کا رنگ سیاہی مائل ہوجاتا ہے)شامل ہو لگانا مسنون ہے۔
خالص سیاہ خضاب لگانے کی متعدد صورتیں ہیں
مجاہد میدانِ جہاد میں دشمن کومرعوب کرنے کے لئے سیاہ خضاب استعمال کرے یہ صورت بالأتفاق ائمہ جائز ہے۔
کسی کودھوکہ دینے اوراس کے سامنے اپنے آپ کو جوان ظاہرکرنے کے لئے لگانا ناجائز اور حرام ہے۔ البتہ اگر کسی بیماری کی وجہ سےجوانی میں یا وقت سے پہلے بال سفید ہوجائیں توان پر خالص سیاہ خضاب لگانے کی گنجائش ہے۔
بیوی کوخوش کرنے کے لئے محض زینت کے طورپراستعمال کرنا راجح قول کے مطابق مکروہ ہے،امام ابویوسف رحمۃ اللہ علیہ نے اس کی اجازت دی ہے،لیکن احادیث میں ممانعت اورسخت وعید کی بناء پرفتوی اس بات پرہے کہ یہ صورت بھی مکروہ تحریمی ہے۔اور جو رنگ خالص سیاہ نہ ہو بلکہ براؤن یعنی سیاہی کی طرف مائل ہوتو ایسا خضاب لگانا جائز ہے۔
Online sawal o jawab( علمائے دیوبند).
( مفتی حماد جمیل صاحب )