مریدوں کو مقدس بندوں کے اوصاف سے متصف کرنا


سلف صالحین کے اخلاق میں سے ایک یہ ہے کہ اپنے مریدوں کو ان اوصاف سے موصوف کرنے کے لیے جو اللہ نے اپنے مقدس بندوں مثلا انبیاء واولیاء وغیرہ کو پہلی کتابوں کے ذریعہ سکھائے ہیں، بکثرت تمثیلیں پیش کرتے تاکہ انہیں معلوم ہوجائے کہ تقوی ہر شریعت میں مامور بہ رہا ہے، شیخ علی خواص رحمۃ اللہ علیہ اکثر اپنی شہادت میں زبور کے وعید اور زجر کو پیش کرتے،  شیخ علی خواص رحمۃ اللہ علیہ فرماتے، غیبت کرنے والوں اور چغل خوروں کی مخالطت سے بچتے رہو، کیونکہ اللہ تعالیٰ نے  حضرت داؤد علیہ السلام کی طرف وحی فرمائی تھی کہ:

 اے داؤد! خوشی ہے اس شخص کے لیے جو نافرمانوں کی جگہ پر کھڑا نہیں ہوتا اور نہ فاسقوں کے پاس بیٹھتا ہے اور نہ چغل خوروں اور غیبت کرنے والوں کو مصاحب بناتا ہے۔

 اے داؤد! جو شخص لوگوں کے عیوب ظاہر کرتا ہے یا ظاہر کرنے کا ارادہ کرتا ہے میں اس کو محشر میں تمام لوگوں کے روبروذلیل و رسوا کروں گا۔

 اے داؤد! اس شخص کی علامت جو مجھے محبوب ہے، یہ ہے کہ کم گو ہو اور بکثرت استغفار کیا کرے۔

 اے داؤد! مؤمنوں کے جرم سے آنکھ کو محفوظ رکھ، تیرے پاس دنیا ذلیل ہوکر آئے گی۔

 اے داؤد! بنی اسرائیل سے کہو کہ پوشیدہ طور سے میری نافرمانی نہ کریں اور مجھ کو اپنی آنکھوں میں بندوں سے بھی زیادہ ذلیل نہ بنائیں ورنہ میں ان کو آگ سے عذاب دوں گا۔

 اے داؤد! یتیم کے حق میں مہربان باپ ہوجا، میں تیرا رزق بڑھادوں گا اور تیرے گناہ معاف کردوں گا۔

اے داؤد! بنی اسرائیل سے کہو کہ لوگوں کی عزتیں خراب نہ کریں، کیونکہ اس سے دل اندھا  اور مردہ ہوجاتا ہے اس کو مبارک ہو جو اپنے عیوب میں غور کرے اور ان کی اصلاح کے درپے ہو۔

 اے داؤد! میری طرف جھک جا، میں تیرے سامنے بادشاہوں کا سر نیچے کردوں گا اور چہرہ پر ہیبت ڈال دوں گا۔

 اے داؤد! کتنی فصیح زبانیں ہیں کہ میں ان کو موت کے وقت کلمہ شہادت سے روک دیتا ہوں کیونکہ وہ لوگوں کی عزت خراب کرتے ہیں۔

اے داؤد! بنی اسرائیل کو سنادو کہ مرنے سے پہلے حقوق ادا کریں ورنہ میں نے قسم کھالی ہے کہ جس کے ذمہ لوگوں کے حقوق ہیں اس کو اس حال میں اٹھاؤں گا کہ اس کے گلے میں آگ کا ہار ہوگا جو اس کو ہر برائی کے بدلے میں داغ دے گا۔

 اے داؤد! بنی اسرائیل سے کہہ دو کہ اپنی آنکھیں بچا کر رکھیں، بہت لوگ دوستو ں کو برائی میں دیکھتے ہیں اور پھر اس کو بدنام کرتے ہیں، حالانکہ وہ خود اس سے بڑھ کر برے ہوتے ہیں، لیکن میں اسے رسوا نہیں کرتا اگر چاہوں تو رسوا کردوں۔

اے داؤد! کیا خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو گناہ کرنے سے تنہائی میں بھی مجھ سے شرماتے ہیں۔

اے داؤد! گریہ وزاری کرنے والوں کی صحبت اختیار کر اور نکموں کو چھوڑ دے۔

اے داؤد! اگر بندوں کو گناہ کرنے پر میری ناراضگی کی اطلاع ہو تو مرجائیں، لیکن میں نے ان پر رحم کر کے اسے پوشیدہ رکھا ہے۔

اے داؤد! جو پوشیدہ گناہ کرتا ہے میں ان کے جرموں کی اطلاع لوگوں کو دوں گا اور اس کو رسوا کر کے جہنم میں گراؤں گا۔

اخلاق سلف ترجمہ تنبیہ المغترین

Share: