نماز کے مفسدات سے مراد وہ امور ہیں جن کے پائے جانے سے نماز فاسد ھو جاتی ھے یعنی ٹوٹ جاتی ہے ۔ سجدہ سہو سے بھی اس کا مداوا نہیں ھو سکتا بلکہ اس نماز کا دوبارہ پڑھنا (اعادہ کرنا ) فرض ہو جاتا ہے ۔ نماز میں اگر ایسا کوئی مفسد پایا جائے جس سے وضو بھی ٹوٹ گیا ھو تو دوبارہ وضو کرکے نماز پڑھنا لازمی ھو گا جیسے دورانِ نماز قہقہہ لگا کر ھنسنا ، جس سے نماز اور وضو دونوں ٹوٹ جاتے ھیں ۔ جن چیزوں سے نماز فاسد ھو جاتی ھے یعنی ٹوٹ جاتی ھے ، اختصار کے ساتھ وہ ذیل میں درج کیے جا رھے ہیں:
1۔ بات کرنا اگرچہ بھول کر ہو یا غلطی سے ہو۔
2۔ ایسی دعا مانگنا جو لوگوں کی بات چیت کے مشابہ ہو۔
3۔ کسی کو سلام کرنا ا گرچہ بھول کر ہو۔
4۔ سلام کا زبان سے جواب دینا۔
5۔ عملِ کثیر یعنی کوئی ایسا کام کرنا جس کے کرنے والے کو دیکھنے والا یہ سمجھے کہ یہ شخص نماز نہیں پڑھ رہا ہے۔
6۔ سینے کو قبلہ سے پھیر دینا۔
7۔ کسی چیز کا جو منہ سے باہر ہو کھانا اگرچہ تھوڑی ہو۔
8۔ جو چیز دانتوں کے درمیان چنے کے برابر ہو اس کو کھا لینا۔
9۔ پانی ، دودھ یا لسی وغیرہ پینا۔
10۔ بلاضرورت کھنکارنا۔
11۔ اف تف، آہ ، اوہ وغیرہ کہنا۔
12. ۔ تکلیف اور درد کی وجہ سے آواز سے رونا۔
13۔ چھینکنے والے کے جواب میں "یَرْحَمُکَ اللّٰہ" کہنا۔
14 .غیر اللہ سے سوال کرنے والے کے جواب میں" لَا إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ " کہنا یا رنج و غم کی بات سن کر " إِنَّا لِلّٰہِ وَإِنَّا إِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ " پڑھنا اور اچھی خبر سن کر " اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ " کہنا اور تعجب کی بات پر " لاَ إِلٰہَ إِلاَّ اللّٰہُ یا سُبْحَانَ اللّٰہُ " پڑھنا۔
15۔ کسی قرآن کی آیت کو خطاب اور جواب کی نیت سے پڑھنا۔
16۔ تیمم کرنے والے کا پانی پر قادر ہو جانا۔
17۔ موزوں پر مسح کرنے والے کی مدت کا ختم ہو جانا۔
18۔ موزوں کو نکال دینا اگرچہ فعلِ قلیل سے نکالا جائے۔
19۔ نماز کے دوران قہقہہ لگا کر ھنسنا
20۔ ننگے کو کپڑا مل جانا۔
21۔ اشارہ سے نماز پڑھنے والے کا رکوع و سجود پر قادر ہوجانا۔
22۔ صاحب ترتیب کو قضا نماز یاد آجانا۔
23امام کا ایسے شخص کا لقمہ قبول کرلینا جو نماز باجماعت میں شامل نہ ھو
24۔ نمازِ فجر پڑھنے کے دوران سورج نکل آنا۔
25۔ عیدین کی نماز میں زوال کا وقت ہو جانا۔
26۔ جمعہ کی نماز میں عصر کا وقت ہو جانا۔
27۔ پٹی کا زخم سے اچھا ہوکر گر جانا۔
28۔ معذور کے عذر کا جاتا رہنا۔
29۔ قصدًا وضو توڑ دینا یا کسی دوسرے کے فعل سے وضو ٹوٹ جانا، مثلا کسی نے کوئی چیز ماری اور خون نکل آیا۔
30۔ بے ہوش ہو جانا۔
31۔ پاگل ہو جانا۔
32۔ نہانے کی حاجت ہو جانا۔
33۔ رکوع سجدہ والی نماز میں کسی عورت کا ایک مکان میں بلاحائل کسی چیز کے مرد کے برابر کھڑا ہو جانا بشرطیکہ تکبیر تحریمہ میں دونوں شریک ہوں اور ایک ہی نماز پڑھ رہے ہوں اور امام نے عورت کی امامت کی نیّت بھی کی ہو۔
34۔ اپنے امام کے علاوہ دوسرے شخص کو نماز میں غلطی بتانا۔
35۔"اللّٰہُ أَکْبَرُ" کے ہمزہ میں مد کرنا۔
36۔ قرآن شریف دیکھ کر نماز میں پڑھنا۔
37۔ ایک رکن کی مقدار سترکا کھل جانا۔
38۔ مقتدی کا امام سے پہلے کوئی رکن پورا کرلینا اور امام کے ساتھ بالکل شریک نہ ہونا۔
اللہ پاک عمل کی توفیق عطا فرمائے
آمین یا رب العالمین