نماز پڑھنے کا طریقہ

 نماز کی ادائیگی کے لیے باوضو ہوکر قبلہ رخ کھڑے ہوں، نیت کریں اور "اللہ اکبر" کہتے ہوئے دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھا کر ناف کے نیچے باندھ لیں۔ ثناء، سورۃ فاتحہ اور کوئی سورت پڑھیں۔ پھر رکوع کریں، سیدھے کھڑے ہوں، دو سجدے کریں، اور دوسری رکعت کے لیے اٹھ جائیں۔ نماز کے مکمل اور تفصیلی مراحل درج ذیل ہیں


نیت اور تکبیر تحریمہ 

پاک صاف لباس پہن کر اور وضو کر کے قبلہ کی طرف منہ کر کے کھڑے ہوں۔ زبان یا دل سے نماز کی نیت کریں اور "اللہ اکبر" کہتے ہوئے دونوں ہاتھ کانوں تک اس طرح اٹھائیں کہ ہتھیلیاں قبلہ کی طرف ہوں، پھر انہیں ناف کے نیچے باندھ لیں (مرد دائیں ہاتھ کی تین انگلیاں بائیں کلائی پر رکھیں اور عورتیں ہاتھ سینے پر رکھیں


  ثناء اور قراءت 

پہلے ثناء  : سُبْحَانَکَ اللّٰھُمَّ وَبِحَمْدِکَ وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ وَلَا اِلٰـہَ غَیْرُکَ۔اس کے بعد اعوذ باللہ اور بسم اللہ پڑھ کر سورۃ فاتحہ اور قرآن کریم کی کوئی سورت یا کوئی بڑی آیت یا تین چھوٹی آیات پڑھیں


  رکوع اور قومہ

"اللہ اکبر" کہتے ہوئے رکوع میں جائیں، دونوں ہاتھوں سے گھٹنوں کو پکڑیں اور کمر کو سیدھا رکھیں۔ کم از کم تین بار سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَظِيْم کہیں۔ پھر "سَمِعَ اللّٰهُ لِمَنْ حَمِدَه" کہتے ہوئے سیدھے کھڑے ہوجائیں اگر مفرد ہو تو اس کے بعد  رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ کہے،  (اسے قومہ کہتے ہیں)


سجود و جلسہ

   "اللہ اکبر" کہتے ہوئے سجدے میں جائیں۔ ناک اور پیشانی زمین پر ٹکائیں، کہنیاں زمین سے اوپر اور انگلیاں قبلہ رخ ہوں۔ کم از کم تین بار سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلَى کہیں۔ اس کے بعد "اللہ اکبر" کہتے ہوئے بیٹھ جائیں (اسے جلسہ کہتے ہیں)۔ پھر اسی طرح دوسرا سجدہ کریں


تشہد اور سلام (آخری رکعت پر)

 تین یا چار رکعت والی نماز میں دو رکعت کے بعد تشہد میں بیٹھیں اور التحیات پڑھ کر تیسری رکعت کے لئے کھڑے ھو جائیں 

آخری رکعت میں (یعنی دو رکعت والی نماز میں دو رکعت کے بعد تین رکعت والی نماز میں تین رکعت کے بعد اور چار رکعت  والی میں چار رکعت  کے بعد دونوں سجدے کرنے کے بعد التحیات کے لیے بیٹھیں اور التحیات (تشہد)، درودِ ابراہیمی اور دعا پڑھیں۔ اس کے بعد پہلے دائیں طرف  اور ہھر بائیں طرف چہرے کا رخ کرکے  السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللّٰهِ  کہتے ھوئے سلام پھیریں۔

Share: